اسلام آباد:وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ 3 سال کے دوران پمز ہسپتال کو 22 ارب روپے دیئے گئے۔
گزشتہ سال پمز ہسپتال کے لیے وفاقی حکومت نے 6 ارب 84 کروڑ روپے بجٹ مختص کیا تھا۔ انتظامیہ نےمختص بجٹ کے برعکس 7 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے۔اس طرح گزشتہ سال پمز ہسپتال انتظامیہ نے 67 کروڑ روپے اضافی بجٹ وصول کیا۔ رواں سال پمز ہسپتال کیلئے 7 ارب 63 کروڑ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ 3 سال میں مرمت کی مد میں 50 کروڑروپے دیئے جبکہ رواں سال اس مد میں 23 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پمز ہسپتال کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹرکے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔
دستاویز کے مطابق مالی سال 27-2026 کے لیے ایم سی ایچ کا بجٹ ایک ارب 6 کروڑ 94 لاکھ روپے مختص ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کا بجٹ 85 کروڑ 56 لاکھ روپے تھا۔
دستاویز میں ہے کہ ایم سی ایچ کی مرمت اور دیکھ بھال کا بجٹ ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ہے، مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کی مشینری اور سازو سامان کا بجٹ 70 لاکھ روپے ہے جبکہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کی عمارت اور اسٹرکچر کا بجٹ 40 لاکھ روپے ہے۔
مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 35 کروڑ 69 لاکھ روپے مختص ہیں جبکہ ہیلتھ کیئر سینٹر کے افسران کی تنخواہ کے لیے مختص رقم 20 کروڑ روپے ہے، ایم سی ایچ کے دیگر عملے کی تنخواہ کے لیے 15 کروڑ 65 لاکھ روپے ہیں۔
دستاویز کے مطابق ایم سی ایچ کے ملازمین کے الاؤنسز کے لیے مختص رقم 33 کروڑ 27 لاکھ روپے ہے،جبکہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کے آپریٹنگ اخراجات کے لیے 27 کروڑ روپے مختص ہیں۔
ہیلتھ کیئر سینٹر کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے 60 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کی سکالرشپ کے لیے 85 لاکھ روپے کا بجٹ ہے، اس کے علاوہ سٹور سٹاک، پلانٹ اور مشینری کےلیے 60 لاکھ روپے مختص ہیں۔

