نمائندگان: قصور کے تھانہ راجہ جنگ کے علاقے میں بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر دو معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔واقعے کے بعد اہل علاقہ نے انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق راجہ جنگ کے رہائشی ذوالفقار ولد علی انصاری نے ریسکیو ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ اس کا 10 سالہ بھتیجا سعد علی ولد سعید احمد اور 11 سالہ احسان ولد یعقوب قوم آرائیں بارش کے کھڑے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی اے ایس آئی علی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ دونوں بچے بارش کے جمع شدہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔انہوں نے انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
لاہور کے علاقے گڑھی شاہو کی ریلوے کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر بچوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو1122 کے مطابق گھر کی چھت مٹی اور ٹی ار گارڈر سے بنی ہوئی تھی، ملبے تلے دبے چاروں افراد کو نکال لیا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ مبین ، 40 سالہ اس کی اہلیہ اور 11 سالہ اس کی ایک بیٹی فاطمہ شامل ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ چھت گرنے سے 14 سالہ ایمل زخمی ہوئی، جس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع نہیں جبکہ اپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

