نمائندگان: اندورن سندھ کے علاقےٹنڈوالہ یار میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں معصوم بچہ باپ کے ہاتھوں جا ن کی بازی ہار گیا.
پولیس کے مطابق پیرجی کالونی میں ایک افسوسناک واقعے میں مبینہ طور پر باپ نے اپنے چار سالہ بیٹے ریاض قمبرانی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔
ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی کے باعث خاتون میکے چلی گئی تھی جس پر مشتعل ہو کر ملزم نے اپنے ہی بیٹے کو قتل کر دیا، پولیس نے ملزم باپ کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسرے واقعہ میں پنجاب کے علاقے جہلم میں 6 سالہ بچی کھلے ٹیوب ویل کے ٹینک میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹھٹھی مغلاں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بچی کھیلتے ہوئے ہمسایوں کے کھلے ٹیوب ویل ٹینک میں گر گئی، جس کے باعث وہ ڈوب گئی، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کی لاش ٹینک سے نکال لی۔
حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت 6 سالہ کشف نعیم کے نام سے ہوئی ہے، اہل علاقہ نے بتایا کہ بچی ذہنی طور پر معذور بتائی جاتی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی، جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
اس طرح ننکانہ صاحب کے علاقے شاہکوٹ میں نہر میں گر کر 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے بعد بچے کی لاش نہر سے نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال شاہکوٹ منتقل کر دی۔
جاں بحق بچے کی شناخت 6 سالہ مہدی حسن کے نام سے ہوئی، جس کا تعلق رسول نگر سے تھا۔


