960226 38796028

پاکستان کی تمام ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کیلئے انٹرویو کمیٹیوں کی تشکیل

لاہور: چیف جسٹس پاکستان کی منظوری سے ملک کی تمام ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سینئر ہونے کے باعث تمام کمیٹیوں کی رکن ہوں گی۔
Yayh Afridi 2
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا.

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو انٹرویو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے.چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ محمد سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

سندھ ہائیکورٹ کے لیے تشکیل دی گئی انٹرویو کمیٹی کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

اسی طرح بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کے چیئرمین بھی جسٹس عامر فاروق ہوں گے۔کمیٹی میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون بطور ارکان شامل ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹیاں متعلقہ ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز لے کر اپنی سفارشات متعلقہ فورم کو ارسال کریں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں