نمائندگان: زمیندار نے فائرنگ کر کے بیٹی، داماد اور ملازم کو جبکہ شوہر نے دوسری شادی کے لئے بیوی کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے منڈیالہ وڑائچ میں مقامی زمیندار نے اپنی ہی بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کی بیٹی نے 3 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی جس پر ملزم نے فائرنگ کر کے بیٹی، دامادکو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بیٹی اور داماد کا قتل چھپانے کے لیے ملازم کو بھی قتل کردیا۔
دوسری جانب سرگودھاکی پولیس نے نہر سے ملنے والی نامعلوم خاتون کے اندھے قتل کا سراغ لگا لایا۔
ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق سرگودھا پولیس کو 4 روز قبل بھلوال کے قریب نہر سے ایک خاتون کی گلا کٹی لاش ملی جس کی شناخت کے لیےمقتولہ کے فنگر پرنٹس لےکر نادرا کے تیار کیے گئے فیملی ٹری کی مدد لی گئی۔
مقتولہ کی شناخت ہوتے ہی اس کے شوہر کو شک کی بنیاد پرحراست میں لیا گیا۔
دوران تفتیش مقتولہ کے شوہر نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے بھائی کی مدد سے تیز دھار آلے سے بیوی کا گلا کاٹ کر اسے نہر میں پھینکا تھا۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ دوسری شادی کے لیے اپنی پہلی بیوی کا قتل کیا، جبکہ قتل کے اگلے ہی دن دوسرا نکاح بھی کرلیا تھا۔
پولیس نے دونوں ملزموں کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

