اسلام آباد:قومی اسمبلی کے 26ویں سیشن میں ارکان کی حاضری مایوس کن رہی۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن)نے رپورٹ جاری کر دی۔
وزیراعظم پورے سیشن کے دوران کسی ایک بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، جبکہ 51 ارکان نے بھی ایوان سے مکمل دوری اختیار کیے رکھی۔
فافن رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے 26 ویں سیشن میں مجموعی طور پر 6 اجلاس منعقد ہوئے۔
تمام اجلاسوں میں ارکان کی دلچسپی کم رہی، 333 کے ایوان میں سے صرف 66 ارکان تمام اجلاسوں میں حاضر رہے،جبکہ 80 فیصد ارکان نے سیشن کے دوران کم از کم ایک بار غیر حاضری کی۔
وزیراعظم 26 ویں سیشن میں کسی بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، جبکہ قائدِ حزب اختلاف نے بھی 6 میں سے صرف 3 اجلاسوں میں شرکت کی۔
حکومتی بینچوں کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں رہی۔ 19 وزراء میں سے محض 4 وزیر اپنی وزارت کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دینے کیلئے ایوان میں موجود تھے۔ پانچ وفاقی وزراء اور ایک وزیرِ مملکت پورے سیشن کے دوران ایوان میں نظر ہی نہیں آئے۔
سیشن کا چوتھا اجلاس 208 ارکان کے ساتھ سب سے زیادہ، جبکہ تیسرا اجلاس صرف 134 ارکان کے ساتھ سب سے کم حاضری والا رہا ہے۔

