اسلام آباد:پٹرولیم ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے آئندہ پندرہ روز کے لیے ہوگیا۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 8روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 280 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی صورتحال واضح کی گئی ہے۔ اوگرا ذرائع کے مطابق پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر ضرورت کے مطابق موجود ہیں۔ اوگرا ذرائع کے مطابق پاکستان میں 28 دن سے زائدکے پیٹرول و ڈیزل ذخائر موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان زیادہ تر پیٹرولیم مصنوعات مشرق وسطیٰ سے درآمد کرتا ہے۔ پاکستان قطر سے ماہانہ 8 ایل این جی کارگوز بھی درآمد کر رہا ہے۔
اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں 21 دن کے ذخائر رکھنے کی پابند ہیں۔اوگرا حکام سے سوال کیا گیا کہ کیا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے تیل کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے؟ اس پر اوگرا حکام کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
خیال رہے کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل نے حملہ کردیا ہے جس کے بعد ایران کی جانب سے بھی جوابی حملے کیے گئے ہیں۔خطے میں جنگ کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔
