اسلام آباد:ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موبائل ٹیرف، سروس کے معیار اور غیر مجاز کٹوتیوں سے صارفین کا تحفظ ترجیح ہے، پاکستان میں موبائل ڈیٹا کی قیمتیں سب سے سستی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق منصفانہ اور منظم ٹیرف فریم ورک کے قیام کے لیے موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 نافذ کئے، مارکیٹ پاور رکھنے والے آپریٹرز ٹیرف میں تبدیلی کیلئے پیشگی منظوری لینے کے پابند ہیں، دیگر آپریٹرز کاروباری بنیادوں پر ٹیرف مقرر کرسکتے ہیں۔
بیان کے مطابق کوئی ٹیرف صارفین کے مفادات کے خلاف ہو تو اتھارٹی مداخلت کرسکتی ہے.
موبائل آپریٹرز کوئی بھی ویلیو ایڈڈ سروس فعال کرنے سے قبل صارف کی رضامندی لیں، صارفین بھی آپریٹر کی ایپ کے ذریعے فعال سبسکرپشنز باقاعدگی سے چیک کریں۔
پی ٹی اے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں فی صارف اوسط آمدن خطے میں سب سے کم ہے، پاکستان میں موبائل ڈیٹا کی قیمتیں سب سے سستی ہیں.
سروس کا معیار بہتر بنانے کے لیے اسپیکٹرم نیلامی اہم کڑی ہے، نئے سپیکٹرم سے نیٹ ورک معیار،کوریج اور ڈیٹا اسپیڈ میں بہتری آئے گی۔
