لاہور:رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پشاور میں طلب کرلیا گیا۔ وزارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کمیٹی چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔رمضان المبارک کا آغاز کب ہوگا فیصلہ 18 فروری کے اجلاس میں ہوگا۔ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ سائنسی شواہد کی بنیاد پر اسپارکو رمضان المبارک کا چاند بدھ کو نظر آنے اور پہلا روزہ جمعرات کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کرچکا ہے۔
حکومت نے رواں ہجری سال کیلئے زکوٰۃ کا نصاب 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقررکر دیا۔ ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ کے مطابق بینک اکاؤنٹس میں مقررہ حد سے کم رقم پر زکوٰۃ کی کٹوتی نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980 کےتحت ایسے بینک اکاؤنٹس جن میں یکم رمضان المبارک کو موجود رقم پانچ لاکھ 3 ہزار 529 روپے یا زائد ہوگی ان سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔ یکم رمضان المبارک کو ’’ڈڈکشن ڈیٹ‘‘ قرار دیا گیا ہےجو چاند کی رویت کےمطابق 19 یا 20 فروری متوقع ہے۔
اس روز سیونگ بینک اکاؤنٹس، پرافٹ اینڈ لاس شیئرنگ اور دیگر مماثل اکاؤنٹس سے مقررہ نصاب یا اس سے زائد بیلنس پر زکوٰۃ کی کٹوتی ہو گی۔ تمام زکوٰۃ کلیکٹنگ اینڈ کنٹرولنگ ایجنسیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کٹوتی شدہ رقم فوری طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں قائم سینٹرل زکوٰۃ اکاؤنٹ نمبر سی زیڈ ایٹ میں جمع کرائیں۔ رقم جمع کرانے کے بعد فارم ے اور بی کی کاپی وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کو ارسال کی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم رمضان کو تمام مالیاتی ادارے عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے.
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ماہِ رمضان 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق جائزہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی۔ پہلے عشرے میں زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسرے عشرے کے دوران موسم قدرے گرم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار خطے میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے جائزے کے مطابق تیسرے عشرے میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، خصوصاً شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں بارش کی توقع ہے۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخری دنوں تک گرمی میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

