اسلام آباد:قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں متعددبل منظور کر لئے گئے اور قانون سازی کے لئے اجلاس مکمل ہونے کے بعد کل تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا.
دوران اجلاس کورم کی نشاندہی پر سپیکر نے کہا کہ یہ کہاں لکھا ہے بار بار کورم کی نشاندہی کی جائے گی، تاہم ایاز صادق نے قانون سازی جاری رکھی، جس کے بعد ایوان نے کئی بل منظور کیے۔
قومی اسمبلی نے پاکستانی شہریت (ترمیمی) بل 2025 کو کثرت رائے سے منظور کرلیا.
اجلاس میںبھنگ کے انتظام اور ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 بھی کثرتِ رائے سے منظور کیا گیا۔
پاکستان کے نام اورنشانات کے غلط استعمال کی روک تھام (ترمیمی) بل 2026 بھی کثرتِ رائےسے منظور کرلیا گیا۔
قومی اسمبلی نے نیشنل آرکائیوز (ترمیمی) بل 2026 بھی کثرتِ رائے سے منظور کرلیا۔
اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 کو بھی منظور کرلیا گیا۔
ایوان نے اسلام آباد کے بزرگ شہری (ترمیمی) بل 2025 کی کثرتِ رائے سے منظوری دیدی بل میں عالیہ کامران کی ترمیم کثرتِ رائے سے مسترد کردی گئی۔
بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
