لاہور: پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ نے بائیو میٹرک تصدیق اور ریلیف کا نئے نظام پر اتفاق کر لیا.
پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان کی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے ملاقات میں بار اور بینچ کے درمیان مثالی تعاون کے نتیجے میں نظامِ عدل کی بہتری کے لیے فیصلے کئے گئے.
نئے مقدمات کی دائری پر سائلین (Litigants) کے لیے بائیو میٹرک فیس 200 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا سب سے بڑا فائدہ بار ایسوسی ایشنز کو ہوگا، جہاں ہر کیس کی تصدیق پر 60 روپے (35 روپے گرانٹ ان ایڈ + 25 روپے بار ویلفیئر) براہِ راست متعلقہ بار ایسوسی ایشن کو ملیں گے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مقدمات کی دائری میںشفافیت لانے اور کئی قسم کی قانونی پیچدگیوںسے بچنے کے لئے بائیو میٹرک نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا،جس کے لئے سافٹ وئیر بھی تیار کیا گیا ہے.
جس کے تحت نئے مقدمات کی دائری پر سائل کو بائیومیٹرک تصدیق کرانی لازمی ہو گی. جس کے لئے فیس مقرر کر دی گئی ہے.
اس طرحوکلاء کی ڈگریوں کی شفاف تصدیق کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن(HEC) کے اشتراک سے ایک جدید اور مضبوط لائحہ عمل تیار کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ اور ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون کی کوششوں کو بھی خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف قانونی نظام میں شفافیت لائیں گے بلکہ بار ایسوسی ایشنز کو مالی طور پر مستحکم بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے.
