خیرپور: تحصیل نارا میں مبینہ طور پر خسرہ کے باعث ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق ہوگئے ، متاثرہ خاندان کے مزید پانچ بچے بھی اسی وباکے باعث ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جس میں تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بچوں کے مرنے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں ، مرنے والے بچوں کا علاج کسی بھی ہسپتال میں نہیں کرایا جارہا تھا، جبکہ واقعہ کی انکوائری کررہے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق علاقے میں ویکسینیشن مہم شروع کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں ۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ متاثرہ علاقے میں بنیادی طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ بروقت ویکسینیشن کا مؤثر انتظام بھی موجود نہیں ہے۔
اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میڈیکل کیمپس قائم کر کے خسرہ کی وبا پر قابو پایا جائے ۔
