لاہور: پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ قانون 2025 کی معطلی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ اعلیٰ عدلیہ کے طے کردہ مسلمہ اصولوں کے مطابق نہیں، قانون کی معطلی سے قبضہ مافیا کو فائدہ ملے گا اور عوام اسے قبضہ مافیا کی پشت پناہی سمجھیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب لینڈ پروٹیکشن قانون کی معطلی پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا مزید کہنا تھا برسوں اور دہائیوں کے ستائے ہوئے لاکھوں اہل پنجاب کی مدد کا قانون بنایا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ قانون مظلوم عوام کوتحفظ دیتاہے،انتظامی اورقانونی تمام پہلوؤں کو جامع انداز میں شامل کیا گیا،عوام کی منتخب اسمبلی نے یہ قانون بنایا کہ طاقتور لینڈ مافیا کے چنگل سے عوام کونجات ملے، اس قانون سے پہلی بار عوام کو اپنی قانونی زمین اور جائیداد کے تحفظ کی طاقت ملی۔
انہوں نے کہا کہ برسوں اور نسلوں تک چلنے والےجائیداد کے مقدمات کو 90 دن میں طےکرنےکی حد مقررکی، کیونکہ زمینوں کے مقدمات میں دہائیوں اسٹے آرڈر چلتے ہیں، اس قانون کی معطلی سے ہماری ذات کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا قانون سازی کرنا صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے جس سے اسے روکا نہیں جا سکتا، اس قانون کی معطلی سے نقصان غریبوں، مسکینوں، بےکسوں، بیواؤں اور مظلوموں کا ہوگا جن کی داد رسی ہورہی تھی۔
