لاہور: پنجاب میں کرشنگ شروع نہیں کرنے والی ملوں کے خلاف کارروائی کے اعلان کے بعد نصف سے زائد شوگر ملوں نے کرشنگ کا آغاز کر دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کین کمشنر پنجاب کا بتانا ہے کہ پنجاب کی 27 شوگر ملوں نے کرشنگ شروع کردی ہے جبکہ باقی 14 ملوں کو آج چیک کر کے کارروائی شروع کریں گے۔
کین کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ آج سے کرشنگ شروع نہیں کرنے والی شوگر ملز کے خلاف ایکشن پلان تیار ہے اور کرشنگ شروع نہیں کرنے والی شوگرملز کو 10 لاکھ روپے یومیہ جرمانہ ہوگا۔
کین کمشنر کے مطابق کرشنگ سیزن میں مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، کسانوں کو بروقت گنے کی ادائیگی بھی یقینی بنائیں گے جب کہ بازار میں نئی چینی سپلائی آنے سے قیمت بھی کم ہو گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نےشوگرسیکٹر کو مکمل ڈی ریگولیٹ کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے،وفاقی وزیر اویس لغاری کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات تیارکرلیں،ایک دودن میں وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی،رانا تنویرحسین نے کہا شوگر سیکٹر کی اینڈ ٹو اینڈ ڈی ریگولیشن کی جائے گی، امپورٹ ایکسپورٹ کوٹہ ختم کیا جائے گا،اگرکرشنگ دسمبرکے پہلے ہفتے تک جاتی ہے تب بھی سٹاک موجود ہے۔