لاہور: پنجاب بار کونسل نے انتخابات میںحصہ لینے والے تمام امیدواروں کو تصدیقی تعلیمی اسناد پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے.
اس سلسلے میںایڈووکیٹ جنرل پنجاب و ریٹرننگ آفیسر پنجاب بار کونسل انتخابات 2025ء محمد امجد پرویز کی جانب سے تمام امیدواروں کے نام مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے.
اس سلسلے میںجاری مراسلہ میںکہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ، لاہور کے مقدمہ محمد انس الیاس بٹ بنام ایڈوکیٹ جنرل پنجاب وغیرہ، ڈبلیو پی نمبر 51399/2025،میںجاری حکم مورخہ 16.10.2025،کے مطابق پنجاب بار کونسل الیکشنز 2025ء کے امیدواروں کے نتائج ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ذریعے تعلیمی اسناد/سرٹیفکیٹس کی حتمی تصدیق سے مشروط ہوں گے۔
مذکورہ بالا حکم کے تحت، تمام امیدواروں کو مورخہ 16.10.2025 اور 17.10.2025 کے خطوط کے ذریعے اس حکم کی تعمیل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا، اس کے علاوہ پنجاب بار کونسل کے حکام نے امیدواروں سے ٹیلی فون پر بھی رابطہ کیا تھا۔
اس لئے مطلع کیا جاتا ہے کہ کچھ امیدواروں کی جانب سے ایچ ای سی سے مطلوبہ تصدیق ابھی تک موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی جمع کرائی گئی ہے۔ لہٰذا، تمام مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی اسناد/سرٹیفکیٹس کی ایچ ای سی سے تصدیق حاصل کریں اور کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچنے کے لیے جمعہ، 14 نومبر 2025ء تک سیکرٹری، پنجاب بار کونسل کو جمع کرائیں۔
