dead body

مختلف واقعات میں شوہروں کے ہاتھوں 2 خواتین بے رحمی سے قتل

کراچی: اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں واقع بیوٹی پارلر میں خاتون کا لرزہ خیز قتل سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر شاہ ویر نے گلا کاٹ کر قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو آگ لگا دی۔

تفصیلات کے مطابق مقتولہ صائمہ کی 6 روز قبل شاہ ویر نامی شخص سے دوسری شادی ہوئی تھی۔ ورثا کا کہنا ہے کہ واقعہ سے قبل شاہ ویر نے گھر پر کال کر کے خود قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شاہ ویر مقتولہ کا دوسرا شوہر ہے جو چند روز قبل ہی ترکی سے پاکستان واپس آیا تھا۔

پولیس کے مطابق صائمہ بیوٹی پارلر چلاتی تھی اور شوہر نے اسی بیوٹی پارلر میں مبینہ طور پر ہاتھ پاؤں باندھ کر بے رحمی سے قتل کیا۔ قتل کے بعد شاہ ویر موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

لاہور میں پہلی بیوی سے علیحدگی کیلئے اصرار کرنے پر شوہر نے دوسری بیوی کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ 21 برس کی اقراء نے 4 ماہ قبل قاتل سے پسند کی شادی کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اعجاز نے مسلسل جھگڑا کرنے پر اہلیہ کو گولیاں ماریں، ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ اقراء اور اعجاز میں پہلی بیوی کی وجہ سے جھگڑا رہتا تھا، مقتولہ کی لاش کو مردہ خانہ منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں