Untitled 2026 02 28T205350.863 1

گردوں کی مریض بچی سمیت خواتین میں‌ایڈز کا شبہ، ایڈز سنٹر ملتان ریفر

خانیوال:میاں چنوں کے ڈائیلاسز یونٹ میں مبینہ طور پر بچیوں اور ایک خاتون سمیت دیگر مریضوں میں ایچ آئی وی کی علامات ظاہر ہونے کا معاملہ سامنے آنے پر مریضوں اور ان کے لواحقین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تاہم سرکاری طور پر بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے.
HIV AIDS in Khyber Pakhtoon Khwa 1
زرائع کے مطابق نجی لیبارٹری کی رپورٹس میں (ع) سمیت دو بچیوں کے ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم سرکاری اور نجی لیبارٹری رپورٹس میں مبینہ تضاد پایا جا رہا ہے، متاثرہ مریضوں کو مزید تشخیص اور علاج کے لیے ملتان ریفر کر دیا گیا ہے۔

والدہ کے مطابق بچی ایک سال سے زائد عرصے سے ہسپتال میاں چنوں میں ڈائیلاسز کرا رہی ہے اور انہیں شبہ ہے کہ ڈائیلاسز کے دوران بچی میں ایچ آئی وی وائرس منتقل ہوا۔والدہ کا کہنا ہے کہ بچی اس وقت گھر میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے، انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بچی کے علاج کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب ایم ایس میاں چنوں کے مطابق بچی کا 9 ستمبر کو کیا گیا ایچ آئی وی ٹیسٹ منفی تھا، ڈائیلاسز مشین سے ایچ آئی وی منتقل ہونے کا امکان نہیں، تاہم یہ ممکن ہے کہ کسی مریض کو ایچ آئی وی سے متاثرہ شخص کا خون لگنے سے وائرس منتقل ہوا ہو۔

ایم ایس کے مطابق ایچ آئی وی کی حتمی تصدیق پی سی آر ٹیسٹ کے بعد ہی ممکن ہوگی، بچی (ع)سمیت (م)اور (ر) میں بھی ایچ آئی وی کی علامات ظاہر ہوئی ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی رپورٹس مزید تشخیص کے لیے ایڈز سنٹر ملتان بھجوا دی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آنے پر معاملے کو دیکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں