اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں موسم کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے ڈاکٹر طیب شاہ کے مطابق گزشتہ سال بھی گرمی کی شدت زیادہ تھی اور اس سال بھی جاری ہے، پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں موسم کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر طیب شاہ نے بتایا کہ ہمارے ملک میں الاسکا کے کم ترین درجہ حرارت سے لے کر سہارا ڈیزرٹ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پڑ رہا ہے، جب درجہ حرارت کی ویری ایشین بہت زیادہ ہوگی تو موسم میں شدت آنا معمول بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو یا سیلابی صورتحال کی پیشگوئی کرتے ہیں، موسم کی شدت کے لحاظ سے ایک گائیڈ لائن بنائی جاتی ہے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا جاتا ہے۔
دوسری جانب آج پھر ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شدید گرمی کی لہر کے دوران دادو اور سبی میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جب کہ ڈیرہ غازی میں 47، سکھر اور بہالپور میں پارہ 46 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ ملتان میں 45، پشاور 44، لاہور، راولپنڈی اور کوئٹہ میں 40 جب کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ زیادہ پانی پیئیں، دھوپ میں کم وقت گزاریں اور دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپیں، صحت کے مسائل سے بچنے کے لیے مضر صحت مشروبات سے گریز کریں۔