راولپنڈی: قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم کی پیشی پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طو رپر ملزم سے پیسے لینے کی ویڈیو وائر ل ہو گئی . سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرا دیا.
وائرل ویڈیو میںملزم پیشی کے موقع پر واپس جاتے ہوئے گاڑی میںبیٹھے رقم گننے کے بعد پولیس اہلکاروں میں پیسے تقسیم کرتا نظر آرہا ہے.
پولیس اہلکاروں کی لائن میں لگ کر پیسے لینے کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر پولیس کا وقار مجروح ہو گیا،نیز ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو ملزم کے آگے ہاتھ پھیلاتے اور پیسے لیتے بھی بآسانی دیکھا جاسکتا ہے.
ملزم پر تھانہ سول لائنز میںایک سابق ایم پی اے کے قتل کیس میں ملوث ہونے کا الزام ہے،جبکہ ملزم سابق ممبر قومی اسمبلی کا چچا اور سابق سینیٹر کا بھائی بتایا گیاہے.
دوسری جانب جوڈیشیل کمپلیکس راولپنڈی میں پولیس اہلکاروں کی بدعنوانی کے ویڈیو وائرل ہونے پر سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے تمام اہلکاروں کی فوری گرفتاری اور مقدمہ کے اندراج کا حکم دے دیا.
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق انسپکٹر منظور، سب انسپکٹر ولایت، اور پولیس اہلکار سہیل،ثقلین، سعید، تنویر، حسنین کو موقع پر گرفتار کر کےمقدمہ درج کر لیا گیاہے نیز تمام اہلکاروں کو معطل کرکے چارج شیٹ جاری کردی گئی ہے.
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ محکمانہ وقار کو مجروح کرنے والے ہم میں سے نہیں، ایسے تمام افسران واہلکاروں کڑا احتساب کریں گے، سی پی او نے کہا کہ بدعنوانی یا فرائض سے غفلت قطعی برداشت نہیں، اس لئے افسران اپنا قبلہ درست کرلیں.