ملتان:ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب محمود جاوید بھٹی نے کہاہے کہ صوبائی محتسب کا ادارہ صوبے کے تمام سرکاری اداروں سے متعلقہ بد انتظامی کی عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لیے کوشاں ہے.جہاں شہریوں کو بغیر وکیل شکایت درج کرواتے ہی ان کے مسائل قلیل مدت میں حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار عوامی آگاہی مہم کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین،شاہ رکن عالم ملتان میں منعقد سیمینار میں اساتذہ اور طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پر دفتر محتسب پنجاب کے دائرہ کار اور اغراض و مقاصد سے طالبات کو تفصیل سے آگاہ کیا اور طالبات کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔محمود جاوید بھٹی نے مزید کہا کہ عوام الناس کسی بھی صوبائی محکمے کے خلاف بدعنوانی اور انتظامی شکایات کی صورت میں صوبائی محتسب کے علاقائی دفاتر یا صدر دفتر لاہور کو اپنی شکایات بذریعہ ڈاک بھی بھیج سکتے ہیں،جبکہ درخواست گزار کی درخواست کے سماعت کے حوالے سے انہیں ان کے موبائل نمبر پر بذریعہ ایس ایم ایس درخواست کی سماعت کی تاریخ اور مقررہ وقت سے بھی آگاہ کر دیا جاتا ہے اور 45 دن کے اندر درخواست گزار کا مسئلہ حل کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے صوبائی محتسب کے اغراض و مقاصد،افادیت اور کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی محتسب کے ویژن اور ہدایات پر عمل کرتے ہوئے،عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے صوبے بھر میں 41 علاقائی دفاتر کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔سیمینار میں پرنسپل گورنمنٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین،شاہ رکن عالم کالونی فوزیہ تبسم سمیت دیگر اساتذہ اور معاذ حسن اسسٹنٹ ایسوسی ایٹ ریجنل دفتر محتسب پنجاب ملتان نے بھی شرکت کی۔سیمینار میں طالبات میں صوبائی محتسب کے عوامی آگاہی کے پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔