ویب نیوز: عید پر ہر کوئی عیدی نئے نئے کرارے نوٹوں کے ساتھ دینا اور لینا چاہتا ہے، جس کے لئے شہری اپنے پیاروں کو عیدی دینے کیلئے بینکوں سے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرتے ہیں، جب کہا جاتا ہے کہ عید بچوں کی ہوتی ہے اور بچوں کی عید تو نئے کرنسی نوٹوں کی صورت میں ملی عیدی کے بغیر ادھوری رہتی ہے۔
عید پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا آخر طریقۂ کار کیا ہے؟، نجی بینک کے افسر نے مقامی ویب سائٹ کو بتایا کہ بینک سے عید پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا طریقۂ کار بہت ہی سادہ سا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا خواہشمند شخص اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ کسی بھی بینک جاکر براہ راست نئے کرنسی نوٹ حاصل کر سکتا ہے، اگر بینک کے پاس کرنسی نوٹ کا سٹاک موجود ہو تو اسے فوری طور پر کرنسی نوٹ دے دیئے جاتے ہیں۔
نجی بینک کے افسر کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک ہر سال کمرشل بینکوں کو نئے کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے، سٹیٹ بینک جتنے چاہے نوٹ دے سکتا ہے، اس پر کوئی بینک سٹیٹ بینک سے یہ نہیں کہہ سکتا کہ کم کیوں دیئے یا مزید چاہئیں، بس سٹیٹ بینک نے جتنے دے دیے اتنے ہی بینک قبول کرتے ہیں۔
عید پر نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک جتنے بھی بینکوں کو نوٹس دیتا ہے، وہ چند دنوں میں ہی ختم ہو جاتے ہیں، اس بار بھی ہمارے بینک میں پندرہویں روزے کو نئے کرنسی نوٹس آئے تھے جو چند دنوں میں ختم ہوگئے تھے۔
بینکرز کے مطابق نئے کرنسی نوٹ جلد ختم ہونے کی اصل وجہ یہ ہوتی ہے کہ کرنسی نوٹ زیادہ تر بینک کا عملہ اپنے ہی جاننے والوں میں تقسیم کردیتا ہے، اس لیے دیگر افراد کیلئے جو خاص طور پر عید کیلئے نئے کرنسی نوٹ لینے بینک کا رخ کرتے ہیں ان کے حصے میں کچھ نہیں آتا۔
اسلام آباد میں مقامی بینک کی برانچ کے مینیجر راؤ اسرار کہتے ہیں کہ 2 سے 3 برس قبل تک سٹیٹ بینک خود نئے کرنسی نوٹ دیتا تھا، ایک کوڈ کے ذریعے عوام سٹیٹ بینک سے رابطہ کرکے نئے کرنسی نوٹ حاصل کر لیتے تھے لیکن اب اس حوالے سے بے بنیاد خبریں چل رہی ہیں۔
راؤ اسرار کے مطابق اب سٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو عید کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری کیے جاتے ہیں اور پھر عوام اب سٹیٹ بینک کے بجائے دیگر بینکوں سے جاکر کرنسی نوٹ حاصل کرتے ہیں، جس کے لیے شناختی کارڈ کی کاپی درکار ہوتی ہے۔
ان کے خیال سے سٹیٹ بینک کی جانب سے فی برانچ 8 سے 10 بنڈل 10 روپے والے، 3 سے 4 بنڈل 100 والے، 20 والے 1 سے 2 بنڈل اسی طرح 50 والے بھی ہوتے ہیں، 1 بنڈل میں 10 پیکٹ ہوتے ہیں، یعنی مجموعی طور پر 80 سے 100 بنڈل ایک برانچ کو دیئے جاتے ہیں، جبکہ بینک کے کسٹمر ہزاروں میں ہوتے ہیں تو ایسے میں ان کی نئے کرنسی نوٹوں کی خواہش پوری کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے کہ کسے دیں اور کسے نہ دیں۔
راؤ اسرار نے بتایا کہ فی صارف 1 سے 2 پیکٹ دیئے جاسکتے ہیں، یعنی مجموعی طور پر 10، 20، 50 اور 100 روپے والے نوٹس ملا کر ایک بینک صارف کو زیادہ سے زیادہ 16 سے 18 ہزار روپے کے نئے کرنسی نوٹس دیئے جا سکتے ہیں۔