ملتان: پنجاب بار کونسل نے ہائیکورٹ ملتان بینچ میں ویڈیو لنک سماعت کی سہولت کا مطالبہ کر دیا۔یہ مطالبہ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل خواجہ قیصر بٹ کی ہدایت پر رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان کو ایک خط کے ذریعے کیا گیا ہے۔
خط میں 10 مارچ 2026ء کو جاری ہونے والے سپریم کورٹ کے نوٹیفکیشن کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں ویڈیو لنک سماعت کے لئے سہولیات دینے کا کہا گیا تھا۔
خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ ملتان بینچ میں تاحال سپریم کورٹ کے مقدمات کی سماعت کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت موجود نہیں ہے۔ اس کے لیے
درخواست کی گئی ہے کہ اس معاملے کو فاضل چیف جسٹس کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ وکلاء اور سائلین کی سپریم کورٹ میں پیشی کے لیے ملتان بینچ میں ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کی جا سکے، جس کا مقصد انصاف تک آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
اس اقدام سے انصاف تک رسائی میں نمایاں آسانی ہو گی اور سائلین اور وکلاء کے غیر ضروری سفر اور اخراجات میں کمی آئے گی۔
خیال رہے کہ ہائیکورٹ ملتان بینچ میں سپریم کورٹ کے مقدمات کی سماعت کے لئے سابق صدر ہائیکورٹبار ایسوسی ایشن ملتان سید ریاض الحسن گیلانی کی جانب سے متعدد بار خطوط لکھنے کے ساتھ سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ لاہور اور ملتان بینچ میں متعدد بار احتجاج بھی کیا جا چکا ہے.
