اسلام آباد: ملک کے 20 اضلاع کے 25 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔جس پر حکام نے تدارک کے لئے مزید سخت اقدامات کی ہدایات کر دی ہیں.
اس ضمن میںنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) فار پولیو کے مطابق کے مطابق کوئٹہ، خضدار، لاہور، ملتان، نوری آباد، بنوں، لکی مروت اور بہاولپور سمیت 20 اضلاع کے نمونوں میں وائرس موجود پایا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی سینٹر کا مزید بتانا ہے کہ ملک کے 31 اضلاع کے 35 ماحولیاتی نمونوں کے منفی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، مسلسل پولیو کے خلاف مہم چلانےکے نتیجے میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ اور کیسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق بلوچستان کے بھی 9 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں دکی،کیچ، لسبیلہ، لورالائی،پشین،نصیرآباداوراوستہ محمد شامل ہیں، ان اضلاع سے ماحولیاتی نمونے 5 سے 19مارچ تک لیے گئے تھے۔
قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ 21 تا 27 اپریل ملک بھر میں قومی پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا، مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی نے والدین سے درخواست کی ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، مسلسل ویکسی نیشن کی بدولت قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ہم 14 ماہ پولیو فری تھے، لیکن عید پر سفر بھی وائرس پھیلنے کا امکان ہوتاہے، عیدوں پر سفر کی وجہ سے وائرس ایک سے دوسرے علاقوں کو منتقل ہوتاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اچھی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں،کراچی اور بلوچستان میں صورتحال پھر بھی بہتر ہے، خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں ابھی تک بہت چیلجنز ہیں۔