ایبٹ آباد: ہزارہ کی بیٹیاں مقدس طارق اور مومنہ طارق نے اوکیناوا اوپن لاکروس چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیت لیا.
پاکستان کی لاکروس میں کامیابی کا سفر مزید بلندیوں کو چھو گیا، جب ہزارہ کی بہادر بیٹیاں مقدس طارق اور مومنہ طارق نے اوکیناوا اوپن لاکروس چیمپئن شپ، جاپان میں طلائی تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مقدس اور مومنہ نے 8 سے 15 فروری 2025 تک جاپان میں ایک خصوصی تربیتی کیمپ میں شرکت کی، جس کے بعد انہوں نے اوکیناوا اوپن چیمپئن شپ میں دنیا کے 12 ممالک کی بہترین ٹیموں کے خلاف مقابلہ کیا۔ فائنل میں، پاکستانی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف شاندار 18-6 سے کامیابی حاصل کر کے چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
یہ دونوں کھلاڑی اس سے پہلے بھی پاکستانی قومی لاکروس چیمپئن ٹیم کا حصہ رہ چکی ہیں۔ ان کی کامیابی کو مزید قابلِ فخر بنانے والی بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ کارنامہ انجام دیا اور کسی حکومتی ادارے کی مالی معاونت کے بغیر اپنی محنت اور لگن سے اس مقام تک پہنچیں۔
اہل علاقہ کے مطابق ان کی اس تاریخی کامیابی نے ہزارہ اور پاکستان بھر میں فخر کی لہر دوڑا دی ہے۔ مقدس اور مومنہ پر امید ہیں کہ حکومت ان کی کامیابی کو تسلیم کرے گی اور مستقبل میں انہیں سپورٹ فراہم کرے گی تاکہ وہ مزید آگے بڑھ سکیں اور ہزارہ میں لاکروس کو فروغ دے سکیں۔
ان کی محنت اور کامیابی پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ جذبہ، محنت اور استقامت سے عالمی سطح پر شاندار کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔