ویب نیوز: پاکستان نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں پنیلٹی شوٹ آؤٹ میں فرانس کو شکست دے کر نیشنز کپ ہاکی کے فائنل میں جگہ بنالی،
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے پہلے سیمی فائنل میں مقررہ وقت میں پاکستان اور فرانس کا مقابلہ 3-3 سے برابر رہا۔
فرانس نے پہلے دو ہاف میں 0-2 کی برتری حاصل کی تاہم پاکستان نے تیسرے ہاف میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے لگارتار تین گول مار کر سکور 2-3 کردیا۔
رپورٹ کے مطابق چوتھے اور آخری ہاف میں فرانس نے گول کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا، اسی سکور پر مقررہ وقت کا اختتام ہوا، مقابلہ برابر ہونے پر پاکستان اور فرانس کا سیمی فائنل پنالٹی شوٹ آؤٹس پر چلا گیا اور پہلے پاکستان نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 2-3 کے سکور سے ہرادیا۔
پاکستان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 4 میں سے 3 گول کرکے میچ میں کامیابی حاصل کی اور فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ فرانس نے اپنی 5 باریوں میں صرف 2 گول کیےاور یوں پاکستان نیشنز کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔
نیشنز کپ ہاکی کے دوسرے سیمی فائنل میں 6 بجے جنوبی کوریا اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گی، فاتح ٹیم فائنل میں 21 جون کی شام 6 بجے پاکستان سے ٹکرائے گی۔
ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی کے سیمی فائنل میں پاکستان کے رانا وحید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وفاقی وزیر اور آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے قومی ہاکی ٹیم کو نیشنز کپ ہاکی کے فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیمی فائنل میں فرانس کی ٹیم کو شکست دینا بڑی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انشاء اللہ قومی ہاکی ٹیم فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، الحمد للہ! ساری قوم کیلئے اچھی خبر ہے ملکی وقارمیں اضافہ ہوا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ کا سیمی فائنل جیتنے پر ہاکی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کے ذریعے فرانس کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، ہاکی پلئیرز کی شاندار کارکردگی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ مینجمنٹ کو مبارکباد دیتا ہوں، میدان میں تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا، پاکستان کیلئے کھیل کے ساتھ ہر میدان میں خوشخبریاں آرہی ہیں، امید ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ جیت کر وطن واپس آئے گی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کامیابی پر اظہار مسرت کیا اور ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ، رانا وحید اشرف اور دیگر کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کو سراہا۔