اسلام آباد: ملک بھر کی موٹرویز کے اطراف پھلدار درخت اور وسیع شجرکاری کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ موٹرویز کے اطراف سرکاری اراضی نجی شعبے کو لیز پر دینے کی تجویز دی گئی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک کی زیر صدارت مشترکہ اجلاس میں ملک بھر کی موٹرویز کے اطراف پھلدار درخت لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا موٹرویز کے سفر کو خوشگوار اور ماحول کو بہتر بنانا ترجیح ہے۔
دوران اجلاس موٹرویز کے اطراف سرکاری اراضی نجی شعبے کو لیز پر دینے کی تجویز دی گئی۔ اس کے فوری اقدامات ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق موٹرویز کے اطراف پھلدار درخت لگانے کیلئے پچیس سالہ پلان تشکیل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ زرعی ماہرین اور فارمرز اس نیک مقصد کے لئے آگے آئیں۔ پھلدار پودے ماحولیاتی بہتری اور معاشرتی خدمت کا باعث ہوں گے۔ کراچی سے کوئٹہ اور پنجاب سے کے پی کی موٹرویز کے اطراف شجرکاری کریں۔ موٹرویز کے بعد دیگر شاہراؤں کے ساتھ بھی پھلدار پودے لگائے جائیں۔
وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے آئندہ 3 روز میں ٹھوس تجاویز تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر شجرکاری کو تیز تر بنانا ہو گا۔ وفاقی وزرا نے شجرکاری کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
خیال رہے کہ چند سال قبل ملتان، لاہورموٹروے اور دیگر جگہوں پر سفیدے کے درخت لگا دئیے گئے تھے، اور سفیدے کے درخت زیادہ پانی استعمال کرنے کی وجہ سے اور ملک میںپانی کی کمی کی بناءپر عدالت عالیہ سے بھی رجوع کیا گیا تھا.
عدالت عالیہ میںدائر رٹ درخواست میںسفیدے کے درخت ختم کرکے پھلدار درخت لگانے کی بھی استدعا کی گئی تھی.