کراچی: پاکستان میں مسافر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت مزید اضافہ ہوگیا۔
پی آئی اے رپورٹ کے مطابق 2024 میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 102 واقعات ہوئے، سب سے زیادہ واقعات اے 230 طیاروں کے ساتھ پیش آئے۔
مذکورہ عرصے کے دوران لاہورایئرپورٹ پر28،اسلام آباد18، کراچی میں 17 واقعات پیش آئے، ملتان ایئرپورٹ پر 14 اور فیصل آباد میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 6 واقعات ہوئے۔ پرندے ٹکرانے سے 9 طیارے متاثر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024ء میں پرندے ٹکرانے سے قومی ایئرلائن کے3 طیارے متاثر ہوئے، طیاروں سے پرندے ٹکرانے پر قومی ائیرلائن کو ہرسال ہزاروں ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔
اس طرح رواں سال 2025ء کے پہلے 5 ماہ میں پرندے ٹکرانے کے 25 واقعات رپورٹ ہوئے، جنوری تا مئی 2025ء میں اے320 کے14، بوئنگ 777 کے10 واقعات رپورٹ ہوئے۔
لاہور میں 6، ملتان میں 5 اور کراچی میں دو واقعات پیش آئے، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ ایئرپورٹس پر 2،2 حادثات رپورٹ ہوئے، اپریل 2025 میں طیاروں سےپرندے ٹکرانےکے7 واقعات پیش آئے۔
ترجمان قومی ایئرلائن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحیٰ پر شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مقررہ جگہ پرتلف کریں، آلائشیں ایئرپورٹس کے قریب نہیں پھینکیں کیونکہ اس سے پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کا خطرہ رہتاہے، ایئرپورٹس کے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھیں حفاظتی اقدامات میں تعاون کریں، ذرا سی لاپرواہی بڑے فضائی حادثے کا باعث بن سکتی ہے، اس لئے احتیاط کریں۔
اس طرحملتان سمیت دیگر ائیرپورٹس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی اور انتظامیہ کی جانب سے بھی قریبی آبادیوں کو الائشیں باہر نہیں پھینکنے کی ہدایت کی گئی ہے.
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے بھی ائیر پورٹس کے قریب آبادیوںمیں قربانی کی الائشیںتلف کرنے کے لئے پلاسٹک شاپرز بڑی تعداد میںتقسیم کئے جا رہے ہیں.