لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر مقدمات کی مؤثر شناخت اور بہتر کیس مینجمنٹ کے لئے مقدمات کی کاز لسٹ کو 5 مختلف رنگوںمیںتقسیم کرنے کا سرکلر جاری کر دیا گیا.
ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کی جانب سے جاری سرکلر میںکہا گیا ہے کہ مقدمات کی وضاحت کو بڑھانے، مؤثر درجہ بندی کرنے، بصری شناخت کو آسان بنانے اور مؤثر کیس مینجمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے، فاضل چیف جسٹس نے رنگین کوڈ والی کاز لسٹ کی منظوری دی ہے، جس کے مطابق مقدمات کو تقسیم کیا جائے گا.
جاری سرکلر کے مطابق پیلے رنگ کی کاز لسٹ میں ریگولر، ضمنی کاز لسٹ کے علاوہ باقی تمام کٹیگریز سے علاوہ مقدمات شامل ہوںگے.
ہلکے سبز رنگ کی کاز لسٹ میںحکم امتناعی معاملات، جن کیسسز میں حکم امتناعی دیا گیا ہے۔
ہلکے گلابی رنگ کی کاز لسٹ میں(جزوی سماعت) یعنی جزوی سماعت والے کیسز شامل ہوںگے.
آڑو رنگ کی کاز لسٹ میں(فیصلہ محفوظ) یعنی جن مقدمات میں فیصلہ محفوظ کیا گیا ہو.
سرخ کاز لسٹ میں پرانے کیسز کو شامل کیا جائے گا.
سرکلر میںدی گئی ہدایت کے مطابق تمام متعلقہ افسران/اہلکار بغیر کسی ناکامی کے رنگین کوڈ والی کاز لسٹیں تیار اور استعمال کریں گے۔
برانچوں کے اہلکار پرنسپل سیٹ پر کیس فلو مینجمنٹ سسٹم (CFMS) اور بینچوں پر کرنٹ کیس انفارمیشن سسٹم (CCIS) میں کیسز کی شناخت اور نشان زد/فہرست تیار کریں گے، جیسا کہ معاملہ ہو، متعلقہ زمروں میں، جبکہ معزز عدالتوں کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز (ڈی ای اوز) CFMS اور CCIS میں متعلقہ کالموں/باکسوں میں روزانہ کی بنیاد پربغیر کسی ناکامی کے کیس کی حیثیت کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اندراج کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مقدمات دائر کرنے کے لئے سول، فوجداری، رٹ اور کمرشل مقدمات کے لئے مختلف رنگوںکے فائل فولڈرز استمعال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے.