اسلام آباد: آئی ایم ایف کی ٹیم آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں کل 4 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی، مالی سال 26-2025 کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں آئی ایم ایف کا وفد کل سے پاکستان کے دورے پر آئے گا۔
ذرائع کے مطابق وفد آئندہ مالی سال کے بجٹ بشمول ٹیکس ریونیو اقدامات، اخراجات پر کنٹرول اور دیگر ترقیاتی اخراجات کے بجٹ کے حوالے سے پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا اور اس سے قبل بجٹ کو حتمی شکل دینے کےلیے آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستانی حکام سے مل کر تجاویز تیار کرے گی۔
خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے سالانہ ٹیکس وصولی کے ہدف میں 64 ارب روپے کی کمی کر دی تھی۔سالانہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1297 ارب سے کم کرکے 1233 ارب روپے کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آئی ایم ایف سے ٹیکس وصولیاں 1233 ارب روپے کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے، ٹیکس وصولی میں کمی آئی ایم ایف سے معاہدے پر اثر انداز ہو سکتی ہے، لیکن ذرائع کے مطابق مارچ میں ٹیکس وصولی 107 ارب روپےکم ہوئی، مارچ میں ٹیکس وصولی کا ہدف 1220 ارب روپے تھا تاہم ایف بی آر 1113 ارب روپے ٹیکس جمع کرسکا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ایف بی آر ٹیکس وصولی کا مجموعی خسارہ 708 ارب روپے ہو گیا ہے۔