کراچی: انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کی صدر مسز ڈومینیک پراڈالی نےپاکستان میں فرانس کے سفیر ایچ ای نکولس گیلے سے ملاقات کی، جس میں پاکستانی میڈیا لینڈ اسکیپ اور اس سے متعلق قانونی فریم ورک میں حالیہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسز پراڈالی نے پاکستان کے آئین اور بین الاقوامی معاہدوں میں درج اظہار رائے اور پریس کی آزادی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا، جن کی پاکستان بھی توثیق کر چکا ہے۔
ملاقات کے دوران، مسز پراڈالی نے سفیر گیلے کا شکریہ ادا کیا کہ فرانسیسی حکام نے افغان صحافیوں کو ان کے اہم کام جاری رکھنے میں مدد فراہم کی، بشمول ویزا جاری کرنے میں آسانی اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور آئی ایف جے کے اشتراک سے تربیتی پروگراموں کے ذریعے صحافیوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں تعاون کو بہترین قراردیا.
سفیر گیلے نے دنیا بھر میں پریس کی آزادی کے لیے فرانس کے عزم کی تجدید کی، یہ کہتے ہوئے کہ یہ جمہوریت کا ایک اہم ستون ہے۔
اس ملاقات میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد اور فیڈرل ایگزیکٹو کونسل (ایف ای سی) کے رکن ڈاکٹر فرقان راؤ نے بھی شرکت کی، ان دونوں رہنماؤں نے خطے میں صحافتی معیارات کو مضبوط بنانے اور میڈیا کی آزادیوں کے تحفظ میں ایسے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔