419641 1157807 updates

شوہر کو سابقہ بیوی کو بلیوں کی دیکھ بھال کیلئے بھاری ادائیگی کا فیصلہ

ویب نیوز: ترکیہ میں ایک شخص نے اپنی سابقہ بیوی کو ہر سہ ماہی میں بلیوں کی پرورش کے لیے 10 ہزار لیرا (67 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق استنبول سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے شادی کے 2 سال بعد مختلف وجوہات کے باعث طلاق کا فیصلہ کیا۔

Bugra نامی شخص اور اس کی اہلیہ Ezgi مشترکہ طور پر 2 بلیوں کی دیکھ بھال کرتے تھے۔طلاق کے تصفیے میں بلیوں کی ملکیت Ezgi کو دی گئی اور Bugra نے اگلے 10 سال تک ہر 3 ماہ بعد ان کی دیکھ بھال کے لیے 10 ہزار لیرا ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

اس ادائیگی کے دورانیے کا تعین بلیوں کی اوسط عمر کو مدنظر رکھ کر کیا گیا جو کہ اوسطاً 15 سال ہوتی ہے۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس رقم میں کمی بیشی بھی افراط زر کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی اور جب بلیاں مر جائیں گی تو ادائیگی کا سلسلہ روک دیا جائے گا۔

اس شخص کی جانب سے سابق بیوی کو مزید ساڑھے 5 لاکھ لیرا بھی دیے جائیں گے۔

ترک وکیل Aylin Esra Eren نے بتایا کہ ترکیہ میں پالتو جانوروں کے مالکوں کے نام حکومت کے پاس رجسٹر کیے جاتے ہیں۔جب جوڑوں کی علیحدگی ہوتی ہے تو جانوروں کی صحت اور نگہداشت کا خیال رکھنا ان کی ذمہ داری ہوتی ہے۔اگر کوئی فرد پالتو جانوروں کو چھوڑ دیتا ہے تو اسے 60 ہزار لیرا تک کے جرمانے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مگر اس جوڑے کا مقدمہ اس طرح کا پہلا مقدمہ تھا جس میں طلاق یافتہ جوڑوں میں پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کی قانونی تعریف کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں