اسلام آباد: پاکستان میں قابل استعمال پانی کے ذخائر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے مطابق شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نہ بڑھنے کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی آمد کم ہوئی ہے جس سے آبی ذخائر پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق تربیلا ڈیم میں ایک دن میں پانی کی سطح 9 فٹ کم ہوئی جبکہ قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں 3 لاکھ 62 ہزار ایکڑ فٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز ملک کے ڈیموں میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 38 لاکھ 56 ہزار ایکڑ فٹ تھا، جو کم ہو کر اب 35 لاکھ 4 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں 12 ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا جبکہ دریائے جہلم میں 1,200 کیوسک اور چشمہ بیراج پر 5,000 کیوسک کی کمی دیکھی گئی، تاہم، دریائے چناب میں پانی کی آمد میں 1,100 کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ملک بھر میں پانی کے بڑے ذخائر کی تعمیر تیز کرنے کیلئے قومی قیادت سمیت تمام متعلقہ ارباب اختیار نے سر جوڑ لیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی آبی ذخائر پر چند روز پر پہلے قومی مشاورتی اجلاس میں نئے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی جس کا اجلاس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر اور معاونین خصوصی پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلستان کے وزرائے اعلیٰ ، وزارت آبی وسائل، کابینہ، خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کے وفاقی سیکرٹریز ، چیئرمین ایف بی آر، چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک بھر میں پانی کے بڑے ذخائر کی تعمیر تیز کرنے کے حوالے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے مربوط قومی حکمت عملی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ملک کو پانی کے بڑھتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فعال منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔