اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود ہرقسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔ ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہےکہ ملک کےتمام ائیرپورٹس معمول کے فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں۔
ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نےکہا ہےکہ مسافرپروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے متعلقہ ائیرلائن سے رابطہ کریں۔
خیال رہے کہ بھارتی جارحیت کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کو 11مئی دوپہر 12:00 بجے تک ہر قسم کی پروازوں کے لیے بندکیا گیا تھا۔ تاہم بھارت اور پاکستان سیزفائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کےخاتمے کیلئے پرنس رحیم آغا خان نے ثالثی کی پیشکش کردی، آغا خان پنجم پرنس رحیم نے پاک بھارت کشیدگی کےخاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اوربھارت کے وزرائےاعظم کو ثالثی سےمتعلق خطوط لکھ دیئے، جبکہ پرنس رحیم نےسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھی اس معاملےمیں کردارادا کرنےکیلئے خط لکھا ہے۔
پرنس رحیم آغا خان کے خط میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی پر شدید تشویش ہے، دعاہےکہ مسئلہ پر امن طور پر حل ہواورمزید جانی نقصان نہ ہو۔
یاد رہے کہ آغا خان چہارم پرنس کریم آغا خان مرحوم نےبھی پچھلےپاک بھارت تنازع میں ثالث کا کردارادا کیا تھا۔