اسلام آباد: سول سوسائٹی تنظیم ایس ایس ڈی او کی رپورٹ میں پاکستان میں جنسی بنیاد پر تشدد (جی بی وی) کے پریشان کن پیمانے اور سزاؤں کی انتہائی کم شرح کو اجاگر کیا گیا ہے، جس میں قانون نافذ کرنے والے اور عدالتی نظام میں فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ ‘میپنگ جینڈر بیسڈ وائلنس (جی بی وی) 2024’ میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا (کے پی)، بلوچستان اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں عصمت دری، غیرت کے نام پر قتل، اغواء اور گھریلو تشدد کا صوبہ وار تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، 2024 میں ملک بھر میں جنسی بنیاد پر تشدد کے کل 32,617 مقدمات رپورٹ ہوئے، جن میں عصمت دری کے 5,339 واقعات، اغواءکے 24,439 واقعات، گھریلو تشدد کے 2,238 مقدمات اور غیرت کے نام پر قتل کے 547 مقدمات شامل ہیں۔
ان خطرناک اعداد و شمار کے باوجود، تمام صوبوں میں سزاؤں کی شرح انتہائی کم رہی۔ عصمت دری کے مقدمات میں قومی سطح پر سزاؤں کی شرح محض 0.5 فیصد رہی، جبکہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمات میں بھی صرف 0.5 فیصد سزائیں ہوئیں۔اس لئے تھنک ٹینک نے قانون نافذ کرنے والے اور عدالتی نظام میں فوری اصلاحات کی اپیل کی ہے.
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کل 26,753 رجسٹرڈ مقدمات درج ہوئے۔ صوبے میں غیرت کے نام پر قتل کے 225 مقدمات رپورٹ ہوئے، لیکن صرف دو سزائیں ہوئیں۔ عصمت دری کے 4,641 مقدمات میں سزاؤں کی شرح محض 0.4 فیصد رہی۔ اغواءکے مقدمات خطرناک حد تک زیادہ، 20,720 تھے، لیکن صرف 16 سزائیں ہوئیں۔ گھریلو تشدد کے 1,167 مقدمات میں سے صرف تین سزائیں ہوئیں۔
خیبر پختونخوا میں کل 3,397 جنسی بنیاد پر تشدد کے مقدمات ریکارڈ ہوئے۔ غیرت کے نام پر قتل کے 134 مقدمات میں سے صرف دو سزائیں ہوئیں۔ عصمت دری کے 258 مقدمات میں سے صرف ایک سزا ہوئی۔ اغواء کے 943 مقدمات میں سے صرف ایک سزا ہوئی۔ گھریلو تشدد کے 446 مقدمات میں سے کوئی سزا نہیں ہوئی۔
سندھ میں 1,781 جنسی بنیاد پر تشدد کے مقدمات رجسٹرڈ ہوئے۔ غیرت کے نام پر قتل کے 134 مقدمات میں سے کوئی سزا نہیں ہوئی۔ صوبے میں عصمت دری کے 243 مقدمات میں سے بھی کوئی سزا نہیں ہوئی۔ اغواء کے 2,645 مقدمات میں سے کوئی سزا نہیں ہوئی۔ گھریلو تشدد کے 375 مقدمات میں سے بھی کوئی انصاف نہیں ملا۔
بلوچستان میں جنسی بنیاد پر تشدد کے کل 398 مقدمات ریکارڈ ہوئے۔ صوبے میں غیرت کے نام پر قتل کے 32 مقدمات میں سے صرف ایک سزا ہوئی۔ عصمت دری کے 21 مقدمات میں سے کوئی سزا نہیں ہوئی۔ اغواءکے 185 مقدمات میں سے کوئی سزا نہیں ہوئی۔ گھریلو تشدد کے 160 مقدمات میں 25 سزائیں ہوئیں، جو اس زمرے میں تمام صوبوں میں سب سے زیادہ ہیں۔
اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں 220 جنسی بنیاد پر تشدد کے مقدمات رپورٹ ہوئے۔ غیرت کے نام پر قتل کے 22 مقدمات میں سے کوئی سزا نہیں ہوئی۔ دارالحکومت میں عصمت دری کے 176 مقدمات میں سے صرف سات سزائیں ہوئیں۔ ایف آئی آر کے مطابق اغواءکے مقدمات رپورٹ نہیں ہوئے۔ گھریلو تشدد کے 22 مقدمات میں سے کوئی سزا نہیں ہوئی۔
ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا کہ یہ رپورٹ صوبائی پولیس محکموں سے معلومات تک رسائی کے قوانین (آر ٹی آئی) کے ذریعے حاصل کردہ ڈیٹا پر مبنی ہے۔ انہوں نے زندہ بچ جانے والوں کی حفاظت اور مجرموں کو ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے معنی خیز اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا، "ہمیں پولیس کی تحقیقات کو مضبوط بنانا ہوگا، قانونی عمل کو بہتر کرنا ہوگا، اور مقدمات کی سماعت میں تیزی لانی ہوگی تاکہ متاثرین کو انصاف کے لیے سالوں انتظار نہ کرنا پڑے۔”
پروگرام ڈائریکٹر شاہد جتوئی نے کہا کہ ایس ایس ڈی او رپورٹ کے نتائج پاکستان کے فوجداری نظام میں گہرے چیلنجوں کو واضح کرتے ہیں، جہاں ناکارہ کاری، تاخیر اور نظامی تعصبات جنسی بنیاد پر تشدد سے بچ جانے والوں کے لیے انصاف کو شدید متاثر کرتے ہیں۔ عصمت دری اور غیرت کے نام پر قتل کے مقدمات میں قومی سطح پر 0.5 فیصد جیسی انتہائی کم سزاؤں کی شرح کمزور تحقیقات، ناکافی ثبوت اکٹھا کرنے، معاشرتی بدنامی اور عدالتی احتساب کی کمی کا مجموعہ ہے۔