نمائندگان: مظفر آباد میں بادل پھٹ پڑا، کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں کئی مکانات اور مسجد تباہ ہوگئے، ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، نیز آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں کے مقام پر کلاوڈ برسٹ ہونے سے کئی مکانات تباہ ہوگئے، مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ڈائریکٹر آپریشن ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلگران کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل اکٹھی کی جارہی ہیں، علاقہ دور دراز ہے، امدادی ٹیمیں اور انتظامیہ متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے بعد پیدا ہونے والے فلیش فلڈ میں ایک خاتون لاپتہ جبکہ ایک کی لاش نکال لی گئی ہے، 4 گھر تباہ اور ایک مسجد شہید ہوئی ہے۔
ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے سعید قریشی نے بتایا کہ کلاؤڈ برسٹ ’’مگری مالی“ اور ’’لیسوا‘‘ کے علاقے میں ہوا، لیسوا نالے میں پیدا ہونے والے فلیش فلڈ سے ضلع نیلم کے کچھ دیہات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم اے کی ایک ٹیم علاقے میں پہنچ چکی ہے، مقامی رضاکاروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وادی نیلم میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھ مقام، لوات، دواریاں، دودنیال اور شاردہ میں تیز بارش اور اڑنگ کیل، وادی شونٹھر اور وادی گریس میں بھی تیزبارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
رپورٹ کے مطابق باڑیاں سے میرپورہ کے درمیان شاہراہ نیلم ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے، لیسواہ اور بلگراں نالے میں شدید طغیانی ہے، کئی رہائشی مکان طغیانی کی زد میں آگئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں، جھکڑ اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا لیکن کئی مقامات پر نقصانات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر میں تمام بڑے بل بورڈز ہٹانے کی ہدایت کی ہے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں تیز آندھی کے بعد بارش شروع ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم، بارش کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
عیسیٰ خیل اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
حسن ابدال اور ملحقہ علاقوں میں تیز آندھی نے صرافہ بازار میں ایک دکان کی چھت کی دیوار کا کچھ حصہ گرا دیا جس سے معمولی نقصان رپورٹ ہوا۔
فتح جنگ اور اس کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، شدید طوفان کے باعث شہر میں اندھیرا چھا گیا اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
مری میں شدید گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے بجلی کا نظام بھی معطل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے یکم جون تک مری میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
ایبٹ آباد اور گلیات کے سیاحتی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں پر گاڑیاں پارک نہ کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
بالائی علاقوں بشمول لوئر اور اپر کوہستان میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے دوران سیلابی ریلے نے جیجال بازار کا رخ کیا جس سے قراقرم ہائی وے مختلف مقامات پر بند ہو گئی۔
ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام، زیریں نیلم، اور سیاحتی مقامات لوات، دواریاں، دودنیال، شاردہ، اڑنگ کیل، وادی شونٹھر اور وادی گریس میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
کوہ سلیمان پر بھی طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے راستے بند ہو گئے اور شہریوںکو مشکلات کا سامنا ہے.
پنجاب کے مختلف علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب میںآندھی و طوفان کے ساتھ گرج چمک اور بارش بھی ہوئی ہے، نیز کئی علاقوں میںبجلی گھنٹؤں منقطع ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا ہے.