زیارت: کوئٹہ ژوب شاہراہ پر زیارت کراس کے قریب تیز رفتار ٹویوٹا ٹوڈی گاڑی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد گاڑی میں لوڈ غیر قانونی غیر ملکی سگریٹ سڑک پر بکھر گئے، جس کے بعد کسٹم اور لیویز اہلکاروں کی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی.
ذرائع کے مطابق گاڑی زیارت کراس سے گزر کر قلعہ سیف اللہ کی جانب جا رہی تھی، اور مبینہ طور پر اس کار کے ذریعے غیر قانونی طور پر غیر ملکی سگریٹ سمگل کیے جا رہے تھے۔ گاڑی کی تلاشی کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ کسٹم چیکنگ سے بچنے کی غرض سے دشوار راستہ اختیار کرنے کے ساتھ تیز رفتاری بھی کی جا رہی تھی۔
زرائع کے مطابق زیارت کراس چیک پوسٹ پرکلکٹر کسٹمز عمر شفیق کی ہدایت پر سخت کارروائیاں جاری ہیں اور سمگلنگ پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔
حادثے کے مقام پر موجود کسٹم حکام اور لیویز فورس نے سگریٹ ضبط کر لیے جبکہ زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق شخص کی لاش بھی ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کی جا رہی ہے۔
سگریٹ کے ڈبے سڑک پر پھیلنے پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی موقع پر اکٹھی ہو گئی اور حکام کو حادثے کی اطلاع دی گئی.