اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ 2025-26 کی تقریر میں پنشن اصلاحات کا اعلان کردیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعے پنشن سکیم میں تبدیلیوں سے سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھا جسے کم کرنے کے لیے حکومت نے اہم اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔
نئی اصلاحات کے تحت قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور پنشن میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس سے منسلک کیا گیا ہے۔
شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کر دی گئی ہے اور اس کے علاوہ ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں ملازم کو پنشن یا تنخواہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
پنشن کے نئے قانون کے اطلاق کے بعد یکم جولائی 2025ء کے بعد وفات پانے والے پنشنرز کے اہلخانہ کو صرف 10 سال تک پنشن کی سہولت حاصل ہو گی.