image

سعودی عرب کے ساتھ پاکستان میں‌بوہرا کمیونٹی عیدالاضحیٰ جوش و خروش سے منارہی ہے

کراچی: ملک بھر میں بوہرا کمیونٹی (آج) بروز جمعہ کو عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، کراچی میں‌صدر، پاکستان چوک، حیدری اور شہر کے دیگر علاقوں میں خصوصی اجتماعات منعقد کیے گئے۔

کمیونٹی کا سب سے بڑا اجتماع صدر میں واقع طاہری مسجد میں منعقد ہوا، جس میں‌جوش و خروش سے عبادت منعقد کی گئی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔

پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے بوہرا مساجد میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جہاں رینجرز اور پولیس کے بھاری دستے تعینات کیے گئے۔

عید کی نماز کے بعد قربانی کا عمل انجام دیا گیا، عیدالاضحیٰ میں روایتی طور پر بکریوں، دنبوں، گایوں اور اونٹوں کی قربانی کی گئی ہے، جو حج کی تکمیل اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کے حکم پر قربان کرنے کی یاد میں کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کے متعدد علاقوں‌میں‌مسلمان آج عیدالاضحیٰ کا سالانہ تہوار منا رہے ہیں، جبکہ پاکستان سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں کئی ممالک کل (ہفتہ) کو عید منائیں گے۔

دوسری جانب، سعودی عرب میں بھی آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے۔ سب سے بڑی نمازیں مسجد الحرام (مکہ) اور مسجد نبوی (مدینہ) میں ادا کی گئیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف، جنہوں نے گزشتہ رات اپنے وفد کے ساتھ عمرہ ادا کیا، نے مسجد الحرام میں عید کی نماز ادا کی۔

آج لاکھوں حجاج مزدلفہ سے منیٰ پہنچے تاکہ حج کے اگلے مرحلے میں شریک ہو سکیں۔ اس وقت حجاج جمراتِ عقبہ (بڑے شیطان) کو کنکریاں مارنے کے عمل (رمی) میں مصروف ہیں۔ حجاج 11 اور 12 ذوالحج کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے اور رمی ادا کریں گے۔

ادھر، متحدہ عرب امارات میں بھی عیدالاضحیٰ کی نمازیں ادا کی گئیں۔ دبئی میں سب سے بڑا اجتماع القصیص کے کلیمہ سینٹر میں ہوا۔ ابوظہبی، شارجہ اور دیگر ریاستوں سمیت پورے یو اے ای میں عید کی نمازوں میں امن، خوشحالی اور قربانی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اماراتی قیادت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن اور ضرورت مندوں کی مدد کے جذبے کو فروغ دیں۔

اس کے علاوہ، پشاور میں مقیم افغان مہاجرین بھی آج عید منا رہے ہیں۔ افغان مہاجرین نے تاج آباد، فقیر آباد، حیات آباد، پھندو، اور باغبانان سمیت مختلف علاقوں میں عید کی نماز ادا کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں