چنیوٹ: مسلم کالونی چناب نگر کے رہائشی 7 سالہ محمد حسیب ولد ملازم حسین کی لاش آج صبح گھر کے عقب میں گندگی کے ڈھیر سے برآمد ہوئی، جس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا.
معصوم بچہ گزشتہ روز افطاری کے لیے دہی لینے نکلا تھا لیکن واپس نہیں آیا، جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی اور والدین و رشتہ داروں کی جانب سے رات گئے تک تلاش کی گئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد زیادتی کے بعد قتل کی نشاندہی کر رہے ہیں، تاہم حتمی تصدیق کے لیے فرانزک ٹیمیں تحقیقات کریں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہمارے معاشرے میں درندہ صفت مجرموں کی موجودگی کو بے نقاب کرتا ہے۔ والدین اور سرپرستوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت یقینی بنائیں، انہیں اکیلے باہر بھیجنے سے گریز کریں، اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ ایسے المناک سانحات سے بچا جا سکے۔
اہل علاقہ نے گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مجرموں کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ صرف ایک خاندان کا نقصان نہیں بلکہ پورے ضلع کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔