پشاور:قبروں سے بچیوں کی لاشیں نکال کر ان کی مبینہ بے حرمتی کرنے کے الزام میں ایک نوجوان گرفتار کرلیا گیا۔
سپرنٹندنٹ آف پولیس (ایس پی) صدر ڈویژن فدا حسین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پشاور کے علاقے شیخان میں پولیس نے قبروں سے بچیوں کی لاشیں نکالنے اور ان کی مبینہ بے حرمتی کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ملزم کو قبرستان میں مبینہ طور پر قبر کھود کر بچی کی لاش نکالتے ہوئے پکڑا اور پولیس کے حوالے کردیا۔
ان کے مطابق ملزم کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر 19 سال ہے اور وہ باڑہ قدیم کا رہائشی اور افغان شہری ہے۔
ایس پی صدر ڈویژن نے بتایا کہ ملزم قبریں کھود کر مبینہ طور پر بچیوں کی لاشیں نکالتا اور انہیں قبرستان کے قریب جھاڑیوں میں لے جا کر بے حرمتی کرتا تھا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزم نے آج بھی ایک قبر کھود کر بچی کی لاش نکالی تھی، تاہم مقامی افراد نے اسے موقع پر پکڑ لیا۔
فدا حسین کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ملزم کی جانب سے اس سے قبل بھی 4 قبریں کھود کر بچیوں کی لاشیں نکالنے اور مبینہ بے حرمتی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم بچے کی قبر کو چھوڑ دیتا تھا اور صرف بچیوں کی قبروں کو نشانہ بناتا تھا،ایس پی صدر ڈویژن کے مطابق ملزم انٹر پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
