کراچی: صارف (کنزیومر) عدالت جنوبی کے جج عبد الاحد نے ٹرین تاخیر سے پہنچنے پر پاکستان ریلوے کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی کی کنزیومر کورٹ میں وکیل نے ٹرین کے تاخیر سے پہنچنے پر عدالت سے رجوع کیا.
درخواست گزار ایاز چاچڑ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ 25 جنوری 2025 کو گھوٹکی سے کراچی کیلئےخیبر میل کاٹکٹ بک کرایا، گاڑی گھوٹکی شام 6 بجکر 40 منٹ کے بجائے 10 بجکر 11 منٹ پر پہنچی۔
درخواست گذار وکیل کا مزید مؤقف تھا کہ ٹرین کی تاخیر کی وجہ سے اُسے ذہنی و مالی پریشانی اٹھانی پڑی،اس لئے اسے زہنی و مالی پریشانی اور اخراجات مقدمہ کے ضمن میں50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔
تاہم محکمہ ریلوے کی جانب سے الزامات کا دفاع کرتے ہوئے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی.
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پاکستان ریلوے کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا۔
