کراچی:حکومت سندھ نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے بھرتی اور امتحانی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا.
فیصلے کا مقصد مجموعی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ شفافیت لانے اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے منگل کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں اہم اقدام کا جائزہ لیا گیا اور اس پر پیش رفت کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن رضوان احمد، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس پی ایس سی کے موجودہ امتحانی اور بھرتی نظام کو مزید جدید بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق خاص طور پر ان شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی جہاں ٹیکنالوجی کے استعمال سے دستی عمل کو کم، درستگی میں اضافہ، شفافیت کو مزید مضبوط اور مجموعی طریقہ کار کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

