خان پور: نواحی علاقے تھانہ صدر کی حدود چک 107 این پی میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مبینہ طور پر جائیداد کی لالچ میں سگے بھائیوں نے اپنی بہن کو زنجیروں میں کئی سال قید رکھا۔
اہلِ علاقہ کے مطابق ملزمان خاتون پر تشدد بھی کرتے تھے اور اہل علاقہ کے پوچھنے پر اس کی چیخ و پکار کو پاگل پن کہتے رہے ، واقعے کی اطلاع پر پولیس نے اہلِ علاقہ کی مدد سے خاتون کو بازیاب کر الیا ۔
ڈی ایس پی شاہد نذیر وڑائچ کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے.
پولیس کارروائی کے دوران محبوب نامی ملزم گرفتار کر لیا گیا جبکہ بھائی اکرم اور بھتیجا شفیق فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
ڈی ایس پی شاہد نذیر وڑائچ کا کہنا ہے کہ بہنوں کا حق ہڑپ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی اور متاثرہ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا.
