اسلام آباد: رواں سال ملک بھر میں اب تک خسرہ سے اموات کی تعداد 102 ہوگئی ہے۔
وفاقی وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق اب تک ملک بھر میں خسرہ کے باعث سب سے زیادہ اموات سندھ میں رپورٹ ہوئیں۔
سندھ میں اس مرض سے اب تک 53 اموات ہوچکی ہیں۔اسی طرح خیبرپختونخوا میں 27، پنجاب میں 15 اور بلوچستان میں 7 اموات ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں رواں سال خسرہ کے 11 ہزار 192 مشبتہ کیسز سامنے آئے جن میں سے 2 ہزار 126 مثبت ثابت ہوئے۔
سندھ میں رواں سال خسرہ کے 7 ہزار 105 مشتبہ کیسز میں سے 2 ہزار 280 مثبت ہیں۔خیبرپختونخوا میں خسرہ کے 8 ہزار 912 مشتبہ کیسز میں سے 3 ہزار 199 کی تصدیق ہوئی۔بلوچستان میں خسرہ کے 858 کیسز میں سے 349 مثبت ہیں۔
وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں خسرہ کے 616 سے 216 کیسز جبکہ گلگت بلتستان میں خسرہ کے 230 میں سے 64 کیسز مثبت ثابت ہوئے۔
اسلام آباد میں رواں سال کے دوران خسرہ کے 153 مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں سے 85 مریضوں میں مرض کی تصدیق ہوئی۔
واضح رہے کہ خسرہ کی علامات میں تیز بخار، جسم پر سرخ دانے، کھانسی، نزلہ اور آنکھوں میں سوزش قابل ذکر ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق 5 سال سے کم عمر اور غذائی قلت کے شکار بچے خسرہ سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
