اسلام آباد: ائیرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے ، واقعہ اسلام آباد کے نائنتھ ایوینیو پر پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نےموٹرسائیکل پرسوار شخص کو ایک خاتون کا ہاتھ کھینچتے دیکھا،گروپ کیپٹن عاصم موٹرسائیکل کے قریب رکے تو خاتون گاڑی کی دوسری طرف بھاگ گئی۔
اسی دوران مبینہ ملزم نے گروپ کیپٹن عاصم سے بدکلامی کی اور ان پر فائرنگ کر دی،گروپ کیپٹن عاصم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے، ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
خاتون کےمطابق ملزم ان کادفتری ساتھی ہےجس نےساتھ کام پرجانےکی پیشکش کی تھی،ملزم راستہ بدل کراسےکہیں اورلےجانا چاہتا تھا ۔خاتون نے مزید بتایا کہ گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کر کے مجھے بچایا،قانون نافذکرنےوالےادارے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کر رہے ہیں،گروپ کیپٹن عاصم شہید نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹا چھوڑے۔
شہید افسر کی اہلیہ شعبہ صحافت سے منسلک ہیںاور آج کل ایک نامور ادارے میں کام کر رہی ہیں.
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے خاتون کوبچاتےہوئےگروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پراظہارافسوس کیا، انہوں نے گروپ کیپٹن شہیدعاصم طارق کےاہلخانہ سےدلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےآئی جی اسلام آبادپولیس سےواقعےکی رپورٹ طلب کر لی،انہوں نے ہدایت کی کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کی جلدگرفتاری یقینی بنائی جائے،شہید کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھائی جائے۔

