نمائندگان:خیبر پختونخوا کے علاقے سوات میں دیرینہ تنازع پر فائرنگ سے رہنما پیپلز پارٹی جاں بحق، جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سوات کے علاقے مٹہ میں پیش آیا، دیرینہ تنازع پر ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر پاکستان پیپلز پارٹی مٹہ تحصیل کے صدر سمیع اللہ خان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔تفتیشی ٹیم کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر بھی شدید زخمی ہوا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
عمرکوٹ کے علاقہ کنری کے قریب گاؤں حیات گپنہ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ورثا کے مطابق دونوں بچوں کی رات کھانا کھانے اور دودھ پینے کے بعد اچانک طبیعت بگڑ گئی، جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ 10 سالہ علی حسن تعلقہ ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا، 12 سالہ محمد حسنین کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی جاں بحق ہو گیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
لاہور میں کاہنہ کے علاقے میں گجومتہ روہی نالہ کے قریب سے ایک نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی عمر تقریباً 23 سال ہے، لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی مشاہدے کے مطابق متوفی بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
گوادر کے علاقے پانوان اور گنز کے درمیان پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال جیونی منتقل کر دیا گیا.
پولیس ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والی پانچ لاشوں میں سے دو افراد کی شناخت شاہ بخش اور پیری عیسیٰ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دونوں کا تعلق تحصیل جیونی کے علاقے روبار سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر تین افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جبکہ نامعلوم افراد کی لاشیں شناخت کے لیے سول اسپتال جیونی میں موجود ہیں۔پولیس واقعے کی مزید تحقیقات اور مقتولین کی شناخت کے لیے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔


