ملتان:پاکستان بار کونسل کی جانب سے پارکنگ پلازہ ضلع کچہری ملتان میں چیمبروں کی متنازعہ تعمیر اور کرپشن پر تشکیل دی 5 رکنی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا.
خیال رہے کہ پاکستان بار کونسل نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان میں وکلاء کے چیمبرز کی تعمیر سے متعلق 2 سالہ پرانے متنازعہ معاملہ اور کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی تھی۔
بار کونسل کے سیکرٹری گلزار احمد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس کمیٹی میں چوہدری عمر حیات صدر، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان، بشریٰ نقوی صدر، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان، رانا آصف سعید سابق صدر، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان، رانا نوید احمد سابق سیکرٹری، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان، وحید رضا بخاری سابق صدر، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان شامل ہیں۔
اس کمیٹی کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ چیمبرز کی تعمیر کے معاملے کی مکمل چھان بین اور تحقیقات کرے اور اپنی تفصیلی رپورٹ تین ہفتوں کے اندر پاکستان بار کونسل کے دفتر میں جمع کرائے۔
یاد رہے کہ 2 سال قبل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی جانب سے پارکنگ پلازہ میں چیمبروں کی تعمیر کے لئے کروڑوں روپے اکٹھے کئے گئے لیکن رقم جمع کرانے والے وکلاء کو اب تک یہ چیمبر نہیں مل سکے، جبکہ موجودہ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی جانب سے اس وقت کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ پارکنگ پلازہ میں چیمبروں کی تعمیر کی اجازت نہیں ہونے کے باوجود ممبران سے کروڑوں روپے اکٹھے کئے گئے، اور یہ رقم بار اکاؤنٹ میں بھی جمع نہیں کرائی گئی، اس لئے یہ رقم واپس کی جائے۔
اس ضمن میں متاثرہ وکلاء کی جانب سے 2 سال سے چیمبروں کی تعمیر یا رقم کی واپسی کے لئے احتجاج اور جہدوجہد بھی جاری ہے۔ اس بارے اب تک متعدد بار اجلاس، احتجاج اور قرارداد پیش کی گئی، لیکن متاثرین وکلاء اب تک رقم اور چیمبروں کے حصول کے منتظر ہیں۔
