لاہور:ہائیکورٹ نے موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے مقدمے میں دو ملزموں کی سزا کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی، ملزم عابد ملہی اور شفقت بگا نے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔
ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، ٹرائل کورٹ میں ہمارے مؤقف کو ٹھیک سے سنا نہیں گیا، عدالت ٹرائل کورٹ کا سزا موت کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر رہا کرنے کا حکم دے۔
پراسیکیوٹرراحیلہ شاہد نے اپیلوں کی مخالفت کی اور کہا کہ اے ٹی سی نے درست فیصلہ دیا ہے، ملزموں کو میرٹ پر سزائے موت ہوئی، دونوں ملزموں کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اپیلوں کو خارج کیا جائے، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
خیال رہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دونوں ملزموں کو 20 مارچ 2021ء کو زیادتی کے جرم میں سزائے موت کا حکم سنایا، دونوں ملزموں نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو 25 مارچ 2021ء کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
