ڈیرہ غازی خان:ڈی جی خان میں نجی سکول کی چھت گرنے سے بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ خواتین اساتذہ سمیت 15 بچے زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے جام پور روڈ پر واقع نجی سکول میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں سکول کی چھت اچانک گرنے سے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی نعشیں نکال لی گئی ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ میںکہرام مچ گیا اور بچوں کے والدین دیوانہ وار سکول کی جانب دوڑ پڑے.جس پر پولیس کے افسران بھاری نفری سمیت موقع پر پہنچ گئے اور لوگوں کو تسلی دیتے رہے.
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 9 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ترجمان ریسکیو کے مطابق سکول انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید بچے بھی ملبے تلے موجود ہو سکتے ہیں۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
جاں بحق ہونے والوںمیں 7 سالہ عبداللہ، 5 سالہ فاطمہ، غنیہ اور دعا فاطمہ شامل ہیں،جاں بحق اور زخمی بچوںکے اہلخانہ ہسپتال پہنچ گئے اور خواتین بین کرتی رہیں.
انتظامیہ کی جان ب سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ چھت گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
