431469 8736709 updates

صحرائے چولستان میں 113 بھوکی بھیڑیں زیادہ مقدار میں گندم کھانے سے ہلاک

بہاولپور: صحرائے چولستان میں قلعہ ڈیراور کےقریب دلوش ڈھار میں 113 بھیڑیں ہلاک ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک کے مطابق ریوڑ چولستان سے بھوکا پیاسا کٹی گندم کے کھیتوں میں پہنچا تھا اور بھیڑوں کی ہلاکت زیادہ مقدار میں گندم کے سٹے کھانے سے ہوئی۔
WhatsApp Image 2026 04 08 at 08.45.48
رپورٹ کے مطابق گندم کی کٹائی کے بعد کھیت میں رہ جانے والا دانہ جانوروں کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ بھوکی بھیڑوں نے بڑی مقدار میں گندم کے خوشے کھائے، جس کے بعد ضرورت سے زیادہ دانہ کھانے اور پھر پانی پینے سے ان میں ایسیڈوسس پیدا ہو گئی۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بتایا کہ ریوڑ میں 600 سے زائد بھیڑیں شامل تھیں جن میں باقی محفوظ رہیں۔محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق بھیڑوں کی ہلاکت کسی پراسرار بیماری سے نہیں ہوئی، تحقیقاتی رپورٹ میں ہلاکت کی وجہ گرین اوور لوڈ ہے۔

محکمہ لائیوسٹاک کے مطابق چولستان میں موبائل ویٹرنری ٹیم موقع پر موجود ہے اور متاثرہ بھیڑوں کا علاج جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ لائیوسٹاک کی لیب ٹیم نے نمونے حاصل کر لیے ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ہلاک ہونے والی بھیڑوں کی کل مالیت تقریبا 50 لاکھ روپے ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں